Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گھوڑی کی موت پر رونے والی بچی کو گھوڑوں کا نادر تحفہ مل گیا

گھوڑی کی موت پر رونے والی عراقی بچی کو متحدہ عرب امارات کے نائب صدر کی جانب سے گھوڑوں کا نادر تحفہ مل گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عراق کی آٹھ سالہ لانیا فاخر اپنی پالتو گھوڑی سے بے انتہا محبت کیا کرتی تھی جو انہیں والد نے پانچ برس کی عمر میں دی تھی۔

لانیا نے اپنی گھوڑی کا نام ’جسنو‘ رکھا تھا جس کی وہ مکمل دیکھ بھال کیا کرتی تھی لیکن اچانک ہی بیمار ہونے کے بعد وہ مرگئی۔

گھوڑی کے مرنے کے بعد اس سے لپٹ کر لانیا کے رونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جسے دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بھی دیکھا اور بچی سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

شیخ محمد بن راشد المکتوم نے عراق کی گھڑ سوار بچی کو گھوڑوں کا نادر تحفہ دیا ہے جب کہ انہوں نے گھڑ سواری کی تربیت کے مرکز کی تعمیر کا حکم بھی دیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کا مقصد عراقی بچی لانیا فاخر کو تربیت دینا اور اس کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دوسرے بچوں کو بھی گھڑ سواری کی تربیت دینا ہے۔

واضح رہے کہ وائرل ویڈیو میں لانیا کو روتے ہوئے دیکھا گیا تھا جب کہ وہ روتے ہوئے کہہ رہی تھی کہ انہوں نے اس کی مکمل دیکھ بھال کی اور بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں