Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکہ کی باجوڑ دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت

واشنگٹن: ترجمان امریکی دفتر خارجہ میتھیو ملر نے باجوڑ دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترجمان امریکی دفتر خارجہ میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران باجوڑ دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور جانی نقصان سمیت زخمیوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان امریکی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حملے میں متاثرہ افراد کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کو ایسی دہشت گردی کی کارروائیوں کا شکار نہیں ہونا چاہیے، ایسے حملے تمام پرامن اور جمہوری معاشروں کی توہین ہیں۔

امریکہ نے خطے میں دہشت گرد گروہوں کی طرف سے لاحق خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

میتھیو ملر نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، اس سے قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کو فروغ ملے گا۔

ترجمان نے کہا کہ طالبان پر واضح کیا ہے کہ افغانستان دہشت گردی کے اڈے کے طور پر استعمال نہ ہو۔ امریکی محکمہ خارجہ پاکستان میں انسداد دہشت گردی کی صلاحیت سازی کے کئی پروگراموں کو فنڈ فراہم کرتا ہے اور یہ فنڈز قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انصاف کے شعبے پر مرکوز ہیں۔

دوسری جانب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے چینی قیادت کے دورہ پاکستان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی کامیابی کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانا ترجیحات میں شامل ہے۔  کسی بھی ملک کی سرمایہ کاری کے حوالے سے ہم اچھی حکومتیں، گورننس، طویل مدتی صلاحیت کی تعمیر کی اجازت دیتے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ہم ایسی تجارت اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں جو ترقی کو فروغ  دے، ہم پاکستان اور اس کے شراکت داروں کے باہمی فائدے کو یقینی بنانے کے لیے شفافیت، پائیدار مالیاتی طریقوں، قومی اور ڈیٹا سیکیورٹی کے تحفظ کی ضرورت پر زور دینا جاری رکھیں گے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں