ریاض: سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے ہیڈ کوارٹر میں مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم وستم کے حوالے سے تصویری نمائش کا اہتمام۔
سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے ہیڈ کوارٹر میں مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم وستم کے حوالے سے تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل سفیر سمیر بکر تھے جب کہ دیگر شرکاء میں قونصل جنرل پاکستان جدہ خالد مجید ، کمیونٹی کے اراکین اور صحافیوں نے شرکت کی۔
تقریب میں مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی افواج کی جانب سے کیے جانے والے مظالم کو تصویری نمائش کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔
تصویروں میں دیکھایا گیا کہ گزشتہ 75 برسوں سے بھارت کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے اور ان کی تحریک آزادی اور بنیادی حقوق پر قابض ہے۔
تصویری نمائش کے شرکاء سے اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب سید محمد فواد شیر کا کہنا تھا کہ بھارت ایک جانب مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کا خون بہا رہا ہے تو دوسری جانب کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرکے ان کی شناخت کو ختم کر دینا چاہتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ اسلامی تعاون تنظیم نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی پاس کردہ قراردادوں پر عمل کروائے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی آزادی کی سانس لے سکیں۔
قونصل جنرل خالد مجید کا کہنا تھا کہ پاکستان او آئی سی کا مشکور ہے جس نے ہمیشہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
حالات حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں




















