سعودی عرب سے پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے ایک مرتبہ پھر اپنی 25 یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے پاکستانی طلبہ وطالبات کو 600 اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ وظائف ڈپلومہ، ڈگری، ماسٹرز اور اپی ایچ ڈی کے طلبا و طالبات کو دیے جائیں گے۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق سعودی عرب میں قانونی طور پر مقیم پاکستانی طالب علم اور پاکستان میں مقیم طلبہ و طالبات دونوں ان اسکالرشپس کے لیے اہل ہیں۔
75 فیصد اسکالرشپس پاکستان سے طالب علموں جبکہ 25 فیصد سعودی عرب میں مقیم پاکستانی طلبا کو دیے جائیں گے۔
اسکالرشپ حاصل کرنے کے خواش مند طلبہ کو متعلقہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ یا آن لائن پورٹل پر براہ راست اپلائی کرنا ہوگا۔
ہر یونیورسٹی کا داخلے کا اپنا معیار و ٹائم فریم ہے اس لیے طلبہ کو اپنے متعلقہ مضمون اور کلاس میں داخلے کے حوالے سے یونیورسٹی سے مدد لینا ہوگی۔
شہزادی نورہ بن عبدالرحمان یونیورسٹی برائے طالبات ریاض اور جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ کے علاوہ تمام یونیورسٹیاں صرف 25 فیصد بین الاقوامی طلبہ کو داخلہ دینے کی پابند ہیں۔
طلبہ جب آن لائن اپلائی کر لیں گے تو یونیورسٹیاں طلبہ کی جانب سے موصول ہونے والی اسکالرشپ درخواستوں کو سعودی وزارت تعلیم کو بھیجیں گی جو اسکالرشپ دینے کا حتمی فیصلہ کرے گی۔
درخواستگزار اپنی درخواست کی کاپی پاکستانی سفارت خانے کے آفیشل ای میل پر بھی بھیجیں گے تاکہ سعودی وزارت تعلیم کے ساتھ ان درخواستوں کا فالو اپ کیا جا سکے۔
اسکالر شپ کے لیے درخواستگزار کا تعلق پاکستان یا پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر سے ہونا چاہیے۔
اسکالرشپ کے لیے مرد و خواتین دونوں درخواست دینے کے اہل ہیں۔
ڈگری پروگرام کے لیے درخواست دینے والوں کی عمریں 17 سے 25 سال کے دوران، ماسٹرز کے لیے 30 سال جبکہ پی ایچ ڈی کے لیے 35 سال سے کم ہونی چاہئیں، عمر کا حساب داخلہ کی حتمی تاریخ سے لگایا جائے گا۔
یہ ضروری ہے کہ سعودی اسکالرشپ حاصل کرنے والا طالب علم اس وقت کوئی اور اسکالرشپ حاصل نہ کر رہا ہو۔
اسکالر شپ کا اہل ہونے کے لیے ضروری ہے کہ طالبا علم کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ موجود نہ ہو اور اسے کسی بھی وجہ سے کبھی بھی یونیورسٹی سے بے دخل نہ کیا گیا ہو۔
اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو دوران تعلیم سعودی عرب میں مفت رہائش کی سہولت اور شادی شدہ طلبہ کو ابتدائی تین ماہ فرنشنگ الاونس بھی فراہم کیا جائے گا۔
سعودی عرب اور واپسی کے لیے مفت ایئر ٹکٹ اور شادی شدہ ہونے کی صورت میں اہل خانہ کے لیے مفت طبی علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اسکالرشپ حاصل کرنے والوں کو یونیورسٹی کیمپسز میں رعائتی نرخوں پر کھانا، کھیلوں اور تفریح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ زیر کفالت افراد کے لیے سفری اخراجات میں معاونت بھی کی جائے گی۔
سائنس کے طلبہ و طالبات کو ماہانہ 900 جبکہ آرٹس کے شعبہ میں 850 سعودی ریال ادا کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ سال بھی پاکستان کے 600 طلبا و طالبات کے علاوہ دنیا بھر ساڑھے پانچ ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کو اپنی جامعات میں داخلے اور وظائف دیے تھے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں




















