سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں 2025 تک پیٹرول اور ڈیزل پر چلنے والی کاروں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی ملک سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کے نائب میئر کا کہنا ہے کہ2025 تک شہر کے مرکزی 20 بلاک میں پیٹرول اور ڈیزل پر چلنے والی کاروں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی، اس اقدام کا مقصد ایئر کوالٹی کو بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کل اسٹاک ہوم میں ہوا کی وجہ سے بچوں کے پھیپھڑے متاثر ہو رہے ہیں اور بزرگ شہری وقت سے پہلے مر رہے ہیں، یہ مکمل طور پر ناقابل قبول صورت حال ہے۔
شہر کے نائب میئر برائے ٹرانسپورٹ اور شہری ماحولیات لارس اسٹرومگرین نے کہا کہ ہمیں پیٹرول اور ڈیزل پر چلنے والی کاروں سے نکلنے والی نقصان دہ گیسز کو محدود کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ علاقہ جہاں پابندی سے متعلق فیصلے کا اعلان کیا گیا ہے اسٹاک ہوم کے شاپنگ ڈسٹرکٹ کے مرکز میں واقع ہے جو کھانے پینے کی اشیاء کی دکانوں اور دفتری عمارتوں سے بھرا ہوا ہے۔
لارس اسٹرومگرین نے کہا کہ یہ پابندی، جو 31 دسمبر 2024 سے نافذ ہو گی، ایک ایسے علاقے میں عائد کی جا رہی ہے جہاں پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کی بہت بڑی تعداد موجود ہوتی ہے جہاں ہوا کا معیار بہتر ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ اس شہر کا حصہ بھی ہے جہاں ہم دیکھتے ہیں کہ تیزی سے ایسے الیکٹرک آلات استعمال کرنے میں بہت زیادہ دلچسپی ہے جو بجلی پر منتقلی کے عمل کی قیادت کر سکتے ہیں۔
یورپی ملک سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کے نائب میئر نے کہا کہ پولیس کار، ایمبولینس اور دیگر سیکیورٹی سروسز اس پابند سے مستثنیٰ ہوں گی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں




















