عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں انسانی تباہی کو روکنے کے لیے وقت بہت کم ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کا صحت کا نظام بریکنگ پوائنٹ پر پہنچ گیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں انسانی تباہی کو روکنے کے لیے بہت کم وقت بچا ہے۔ ہرگزرنے والے گھنٹے میں مزید جانیں خطرے میں جارہی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے مزید کہا کہ غزہ میں صحت کی خدمات، طبی سامان، خوراک، صاف پانی اور ایندھن کی اشد ضرورت ہے ۔
عالمی ادارہ صحت نے غزہ میں جنگ بندی ، شہریوں کے تحفظ اور صحت عامہ کی بحالی کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب ہیومن رائٹس واچ نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے غزہ اور لبنان میں بمباری میں سفید فاسفورس کا استعمال کیا ہے۔
ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ادارے نے تصدیق شدہ ویڈیو اور گواہوں سے بات چیت کی بنیاد پر تصدیق کی ہے۔
ہیومن رائٹس واچ نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ سٹی کی بندرگاہ اورلبنان سرحد کے ساتھ دو مقامات پر توپ خانے سے سفید فاسفورس فائر کیے جانے کی تصدیق موجود ہے۔
ہیومن رائٹس واچ نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی جانب سے سفید فاسفورس کے استعمال سے سنگین اور طویل مدتی زخموں کا خطرہ لاحق ہے۔
واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں جس میں فلسطینی شہدا کی تعداد 1568 ہوگئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہداء میں 500 سے زائد بچے اور 267 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 6612 ہوگئی ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ غزہ میں 3 لاکھ 38 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ ڈھائی ہزار سے زیادہ مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
غزہ میں 88 تعلیمی اداروں کو بھی نقصان پہنچا جن میں 18اقوام متحدہ کے زیر انتظام اسکول شامل ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
