Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غزہ میں مردہ خانوں کے بعد قبرستان بھی کم پڑگئے

غزہ میں انسانی المیہ جنم لینے لگا ہے، جہاں مردہ خانوں کے بعد قبرستان بھی کم پڑگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرئیل کی جارحیت جاری ہے جب کہ غزہ میں جگہ کی کمی کے باعث شہدا کو اجتماعی قبروں میں سپردخاک کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہدا کی تعداد 2807 ہوگئی ہے جب کہ زخمیوں کی تعداد 9600 سے تجاوز کرگئی۔

فلسطین میں بڑی تعداد میں شہادتوں کے بعد میتیں رکھنے  کے لیے اسپتالوں کے مردہ خانوں میں جگہ کم پڑ گئی اور شہداء کی میتوں کو آئس کریم ٹرکوں اور ریفریجریٹر گاڑیوں میں رکھا جانے لگا ہے۔

اسرائیل افواج کی جانب سے مسلسل رہائشی عمارتوں، اسپتالوں اور اسکولوں کو بمباری کا نشانہ  بنایا جارہا ہے۔

حماس کی جانب سے حملوں میں اب تک 1400 اسرائیلی ہلاک اور 3400 زخمی ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے غزہ کو پانی، بجلی، ایندھن اور دیگر اشیاء کی فراہمی بند کرنے کے بعد انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو  گوتریس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو غزہ کے شہریوں کے لیے امداد  کی بلا روک ٹوک رسائی دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں پانی، بجلی اور دیگر ضروری سامان ختم ہو رہا ہے، اقوام متحدہ کے پاس خوراک، پانی، طبی سامان اور ایندھن کا ذخیرہ موجود ہے، تمام سامان گھنٹوں میں غزہ بھیجا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے غزہ پر اسرائیل کے دوبارہ محاصرہ کو بڑی غلطی قرار دیا ہے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں