Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غزہ سے انخلا کا واحد راستہ کھول دیا گیا

غزہ سے انخلا کے واحد راستہ رفح کراسنگ کو محدود پیمانے پر کھول دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق قطر نے ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے مصر اور اسرائیل کے درمیان رفح کراسنگ کھولنے کا معاہدہ طے کرادیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رفح کراسنگ کو محدود پیمانے پر کھولا گیا ہے جب کہ معاہدے کے تحت فی الحال زخمی فلسطینیوں کو علاج کے لیے مصر آنے کی اجازت ہوگی۔

علاوہ ازیں دوہری شہریت کے حامل افراد بھی غزہ سے انخلا کے لیے رفح کراسنگ کو استعمال کرسکیں گے جب کہ غیر ملکیوں میں مختلف ممالک کے این جی اوز کے ورکرز شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکیوں میں امریکہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، اسپین، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور فلپائن سمیت 16 ممالک کے غیر ملکی شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ نے صرف 500 فلسطینیوں کو علاج کی غرض سے مصر میں داخلے کی اجازت دی ہے جب کہ علاج کے بعد انہیں واپس غزہ جانا ہوگا۔

تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ رفح کراسنگ کو کتنے عرصے کے لیے کھولا گیا ہے جب کہ سیکڑوں امدادی ٹرکوں میں سے چند ٹرکوں کو بھی غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی ہے۔

واضح رہے کہ رفح کراسنگ غزہ سے اںخلا کا واحد راستہ ہے جسے 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد سے بند کردیا گیا تھا جس کے بعد دنیا بھر سے آنے والی امداد اورغزہ سے انخلا کے خواہشمند شہری سرحد پر ہی پھنس گئے تھے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں