امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ سعودی عرب غزہ جنگ کے بعد بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
جان کربی نے کہاکہ سعودی عرب نے یقین دلایا ہے کہ غزہ جنگ کے بعد اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان کی پیر کو اعلیٰ امریکی عہدیداروں سے ملاقات ہوئی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق ملاقات میں اسرائیل حماس جنگ اور غزہ میں انسانی امداد کی رسائی پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر اسرائیل اور فلسطین کے درمیان پائیدار امن کے لیے کام کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا جس پر بات چیت سعودی عرب اور امریکا کے درمیان پہلے سے جاری ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں کھلے عام جنگی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رہائشی عمارتوں، اسکولوں اور اسپتالوں کو مسلسل نشانہ بنارہی ہے جس میں بڑی تعداد میں بچے شہید ہورہے ہیں۔
غزہ میں تازہ اسرائیلی بمباری سے مزید 250 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ مجموعی طور پر شہید ہونے والوں کی تعداد نو ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
7 اکتوبر سے شروع ہونے والے اس تنازع میں غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت میں بچوں اور خواتین سمیت 8805 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں ۔
گزشتہ روز جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملوں میں شہداء کی تعداد 195 ہوگئی جبکہ 700 سے زائد زخمی اور 120 افراد لاپتہ ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے النصر اسٹریٹ پر بیکری کے سامنے جمع افراد پر بم گرایا گیا، امدادی کارروائیوں کے لیے جمع افراد اور ایمبولینسز پر بھی میزائلوں سے حملہ کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں اموات ہوئیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
