Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غزہ میں خدمات انجام دینے والی امریکی نرس کا دوبارہ غزہ جانے کا عزم

غزہ میں خدمات انجام دینے والی امریکی نرس ایملی کالہان دوبارہ غزہ جانے کے لیے پرعزم ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز کی نرس ایکٹیویٹی کی مینیجر ایملی کالہان نے حال ہی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ غزہ جانے کا موقع ملا تو بنا کچھ سوچے واپس چلی جاؤں گی جب کہ غزہ کے ڈاکٹر اصل ہیروز ہیں، میرا دل غزہ میں ہے اور غزہ میں ہی رہے گا۔

رپورٹ کے مطابق ایملی کالہان اگست سے غزہ میں موجود تھیں جب کہ انہیں گزشتہ ہفتے ہی واپس امریکہ لایا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ایملی کالہان کا کہنا تھا ’’میں اب گھر میں اور اپنے خاندان کے ساتھ موجود ہوں اور 26 دنوں میں پہلی بار خود کو محفوظ محسوس کررہی ہوں لیکن میں محفوظ رہنے کے چکر میں لوگوں کو پیچھے چھوڑ آئی ہوں‘‘۔

انہوں نے بتایا ’’غزہ میں اسپتال اتنے بھرے ہوئے تھے کہ انہیں لوگوں کا علاج کرنے کے فوراً بعد ڈسچارج کرنا پڑ رہا تھا‘‘۔

ان کا کہنا تھا ’’فلسطینی میں موجود طبی اہلکاروں نے غیر ملکی ڈاکٹرز اور نرسوں کی زندگیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں ہیں، اگر وہ لوگ نہ ہوتے تو ہم ایک ہفتہ بھی زندہ نہیں رہ سکتے تھے‘‘۔

ایملی کالہان نے یہ بھی بتایا ’’جب ہمیں انخلاء کے احکامات ملے تو ہم نے وہاں موجود اہلکاروں سے پوچھا کہ وہ بھی ہمارے ساتھ جنوب کی طرف چلے جائیں‘‘۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مجھے صرف ایک ہی جواب ملا کہ یہ ہماری کمیونٹی، خاندان اور دوست ہیں۔ اگر وہ ہمیں مارنا بھی چاہتے ہیں تو ہم زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بچاتے ہوئے مرجائیں گے۔

متعلقہ خبریں