اسرائیلی حکام کے مطابق گولانی بریگیڈ کا ایک یونٹ کمانڈر شمالی غزہ میں مارا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی غزہ کی پٹی پر زمینی کارروائی میں اب تک 71 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ حال ہی میں شمالی غزہ میں کشیدگی کے دوران ایک اسرائیلی کمانڈر ہلاک ہوا۔
یاد رہے کہ قطر نے اسرائیل اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت دونوں فریقین کے درمیان 4 روز کے وقفے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہم جنگ میں ہیں اور جنگ جاری رکھیں گے، اسرائیلی وزیر اعظم
معاہدے کے تحت حماس کی قید میں موجود 50 خواتین اور بچوں کو رہا کیا جائے گا جب کہ اسرائیلی قید سے 150 فلسطینی رہا کیے جائیں گے۔ اسرائیل کی کابینہ نے کثرت رائے سے یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ ہر اضافی دس یرغمالیوں کی رہائی کے نتیجے میں وقفے میں ایک دن کا اضافہ ہوگا تاہم حماس کےمکمل خاتمے اور غزہ سے خطرہ نہ ہو، اس کو یقینی بنانے کے لیے جنگ جاری رہے گی۔
اسرائیلی حکومت کے بیان میں اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب اسرائیل کی کابینہ سے کثرت رائے سے یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کی منظوری کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کا بیان بھی سامنے آیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ میں وقفے پر اتفاق ہوگیا
اسرائیلی وزیر اعظم کا بیان میں کہنا تھا کہ ہم جنگ میں ہیں اور جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہم اپنے اہداف حاصل نہیں کرلیتے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 14 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔




















