Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حماس نے جنگ بندی کے چوتھے روز 11 اسرائیلی چھوڑ دیے

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ میں جنگ میں وقفہ کے چوتھے روز 11 یرغمالی چھوڑ دیے۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق  حماس نے غزہ میں جنگ بندی کے چوتھے روز  مزید 11 یرغمالیوں کو رہا کردیا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یرغمالی اس وقت اسرائیل میں موجود ہیں۔ ابتدائی طبی معائنے کے بعد اپنے اہل خانہ سے دوبارہ مل سکیں گے۔

غزہ سے رہا ہونے والے اسرائیلیوں میں 3 فرانسیسی، 2 جرمن اور 6 ارجنٹائنی شہری شامل ہیں۔

دوسری جانب  اسرائیل نے  بھی مزید 33 فلسطینی قیدی رہا کر دیے ہیں۔

اتوار کو حماس نے 14 یرغمالی رہا کیے  تھے۔ رہائی پانے والوں میں اسرائیلی امریکی بچی، ایک روسی اسرائیلی اورتین تھائی شہری  بھی شامل تھے۔

دوسری جانب اسرائیلی قید سے 39 فلسطینی رہا ہوئے تھے۔

عارضی جنگ بندی کے تحت ایندھن اور گیس سمیت 120 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوئے۔

 حماس نے  گزشتہ روز مزید یرغمالیوں کی رہائی کے بعد کہا تھاکہ وہ جھڑپوں میں اس وقفے میں توسیع کے لیے تیار ہے۔

جمعے کو شروع ہونے والی جنگ بندی کے نتیجے میں دونوں جانب سے مجموعی طور پر 200 کے قریب یرغمالیوں کو رہا کیا جا چکا ہے۔

حماس نے 4 گروپوں میں 50 اسرائیلی شہریوں کو رہا کیا جس کے بدلے میں  اسرائیل نے 4 گروپوں  کی صورت میں 150 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا۔

حماس اور اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے لیے رضامندی کے بعد  قطر کو مثبت پیشرفت کی امید ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حماس نے ثالثوں کو مطلع کیا ہے کہ وہ اس جنگ بندی کو 2 سے 4 روز تک آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔

دوسری جانب  اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو  کا کہنا ہے کہ میں نے یرغمالیوں کی رہائی کے بارے میں امریکی صدر سے بات کی ہے، اگر ہر اضافی دن 10 یرغمالیوں کو رہا کیا جائے  تو ہم اس صورت میں عارضی جنگ بندی میں توسیع کا خیرمقدم کریں گے ۔

واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بربریت میں 6 ہزار سے زائد بچوں اور 2 ہزار خواتین سمیت 14 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں  جبکہ 33 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version