Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکہ؛ فلسطین کے حق میں احتجاج کرنے والی خاتون نے خود کو آگ لگالی

امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں اسرائیلی قونصل خانے کے باہر فلسطین کے حق میں احتجاج کے دوران ایک خاتون نے خود کو آگ لگالی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں اسرائیلی قونصل خانے کے باہر افسوسناک واقع پیش آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فلسطین کے حق میں احتجاج کرنے والی خاتون فلسطین کے جھنڈے میں لپٹی ہوئی تھی اور اس نے پیٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگالی۔

یہ بھی پڑھیں: عارضی جنگ بندی کے اختتام پر اسرائیل کا غزہ اور لبنان پر حملہ، 100 سے زائد شہید

موقع پر موجود سیکیورٹی گارڈ نے انہیں روکنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا اور خود بھی زخمی ہوگیا جب کہ زخمی خاتون کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

خاتون کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جب کہ سیکیورٹی گارڈ کی کلائی اور ٹانگ آگ سے متاثر ہوئی ہے۔

اٹلانٹا کے پولیس چیف ڈیرن شئیربام کہتے ہیں ’’جائے وقوعہ سے ملنے والا فلسطینی پرچم احتجاج کا حصہ تھا جب کہ اس واقع کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں اور قونصلر کے کسی بھی عملے کو کوئی خطرہ نہیں ہے‘‘۔

انہوں نے کہا ’’پولیس یہودی اور مسلم کمیونٹی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی سے آگاہ ہے اور قونصل خانے سمیت بعض مقامات پر گشت کو بڑھا دیا ہے‘‘۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے دوران ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد امریکہ میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے جارہے ہیں اور کشیدگی میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

متعلقہ خبریں