چین میں 6.2 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق اب تک زلزلے سے کم از کم 118 افراد ہلاک اور 580 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 16 کی حالت تشویشناک ہے۔
زلزلے کی گہرائی 35 کلومیٹر تھی اور مرکز گانسو کے صوبائی دارالحکومت شہر لانژو سے 102 کلومیٹر جنوبی مغرب میں تھا۔
زلزلے کے نتیجے میں تقریباً 5 ہزار مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
حکام کی جانب سے متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں لیکن شدید ٹھنڈ کے باعث بچاؤ کے کام میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مغربی صوبوں جیسے گانسو وغیرہ میں زلزلے آنا معمول کی بات ہے کیونکہ یہ چنگھائی تبتی سطح مرتفع کی مشرقی سرحد پر واقع ہیں جو کہ ایک ٹیکٹونیکلی طور پر فعال علاقہ ہے۔
حالیہ دہائیوں میں چین کا سب سے مہلک 8 شدت کا زلزلہ 2008 میں سیچوان میں آیا تھا جس میں تقریباً 70 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔




















