Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بنگلادیش میں مظاہرین نے ٹرین کو آگ لگادی، 4 افراد جاں بحق

بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں مظاہرین نے ٹرین کو آگ لگادی جس کی زد میں آکر 4 افراد جان کی بازی ہار بیٹھے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں مسافر ٹرین میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے ٹرین میں آتشزدگی کا الزام اپوزیشن کارکنوں پر عائد کیا ہے جب کہ پولیس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹرین پر مشتبہ حملے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تازہ ترین حکومت مخالف مظاہرے کے دوران درجنوں گاڑیوں اور بسوں کو آگ لگایا گیا ہے جب کہ 28 اکتوبر سے شروع ہونے والے مظاہروں میں اب تک کم از کم 6 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

فائر سروس کے اہلکار شاہجہاں شکدر کے مطابق ہڑتال کے حامیوں نے ایکسپریس ٹرین کے چار ڈبوں کو آگ لگائی جب کہ ایک کمپارٹمنٹ میں سے چار لاشوں کو نکالا گیا ہے جن میں ایک 32 سالہ خاتون اور ان کا تین سال کا بیٹا بھی شامل ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شمالی ضلع نیٹروکونا سے دارالحکومت ڈھاکہ جانے والی ٹرین میں فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ کتنے افراد سوار تھے۔

ریلوے کے وزیر نورالاسلام سوجان کہتے ہیں کہ ٹرینوں کو آگ لگانے کے علاوہ کئی جگہوں پر ریلوے لائن کے حصوں کو بھی ہٹایا جا رہا ہے اور اتنی بڑی ریلوے لائن پر مناسب سیکیورٹی فراہم کرنا مشکل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے ہم چند دنوں میں 2 ہزار 700 نیم فوجی دستوں کو تعینات کریں گے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش میں آئندہ سال عام انتخابات کا انعقاد متوقع ہے اور ایسے میں حکومت مخالف جماعتیں ملک بھر میں شیخ حسینہ واجد کے خلاف احتجاج کررہی ہے اور غیر جانبدار حکومت کی سربراہی میں الیکشن کرانے کا مطالبہ کررہی ہیں۔

متعلقہ خبریں