چین میں تباہ کن زلزلہ کے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز چین کے دو شمال مغربی صوبوں گانسو اور کنگ ہائی میں زلزلے سے 131 افراد ہلاک اور 1 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق زلزلے میں تقریبا 1 لاکھ 55 ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا جب کہ حکام نے امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں تاہم شدید ٹھنڈ کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز چین 6.2 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا تھا جب کہ زلزلے کی گہرائی 35 کلومیٹر تھی اور مرکز گانسو کے صوبائی دارالحکومت شہر لانژو سے 102 کلومیٹر جنوبی مغرب میں تھا۔

مغربی صوبوں جیسے گانسو وغیرہ میں زلزلے آنا معمول کی بات ہے کیونکہ یہ چنگھائی تبتی سطح مرتفع کی مشرقی سرحد پر واقع ہیں جو کہ ایک ٹیکٹونیکلی طور پر فعال علاقہ ہے۔
حالیہ دہائیوں میں چین کا سب سے مہلک 8 شدت کا زلزلہ 2008 میں سیچوان میں آیا تھا جس میں تقریباً 70 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔




















