اسرائیل کی غزہ میں بمباری سے شہید ہونے والے افراد کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی بربریت سے مزید 60 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔
جنگ کی شروعات سے اب تک فلسطینی شہداء کی تعداد 20 ہزار ہوگئی ہے جس میں 8 ہزار بچے اور 6 ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔
اسرائیل نے غزہ میں ایک دن میں 56 مکانات کو تباہ کیا اور خان یونس کا بڑا حصہ خالی کرنے کا حکم دے دیا۔
اقوام متحدہ کے شیلٹر میں ایک لاکھ 40 ہزار بے گھر فلسطینی موجود ہیں۔
اقوام متحدہ کا ذیلی ادارہ یونیسیف غزہ کو بچوں کا قبرستان قرار دے چکا ہے۔
یونیسیف کے ترجمان جیمز ایلڈر نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ غزہ میں ہر 10 منٹ میں ایک بچہ شہید ہو رہا ہے۔
یونیسیف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ غزہ میں ہر روز 420 سے زائد بچے اسرائیلی بمباری سے شہید یا زخمی ہو رہے ہیں۔




















