Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مقبوضہ کشمیر؛ ضلع پونچھ اور راجوری میں انٹرنیٹ سروس معطل، 3 کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ نے ضلع پونچھ اور راجوری میں انٹرنیٹ سروسز کو  معطل کردیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع پونچھ میں بھارتی فوجیوں پر حملے کے بعد محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کا آغاز کیا جو تاحال جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے اس دوران ضلع پونچھ کے علاقے بفلیار سے تین شہری محفوظ حسین، محمد شوکت اور شبیر احمد حراست میں لیا جس کے بعد دوران حراست انہیں تشدد کرکے شہید کردیا۔

معصوم شہریوں کی شہادت پر علاقے میں مظاہرے شروع ہوگئے ہیں جب کہ قابض بھارتی انتظامیہ نے مظاہروں کوپھیلنے سے روکنے کے لیے ضلع پونچھ اور راجوری میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کو معطل کردیا ہے۔

واضح رہے کہ ضلع پونچھ کے علاقے سرنکوٹ میں جمعرات کو بھارتی فوجیوں پر ہونے والے حملے میں پانچ فوجی ہلاک جب کہ دو زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ خبریں