Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری، مزید 200 سے زائد فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیل نے وحشیانہ بمباری کرکے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 200 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے جب کہ اسرائیلی بمباری سے غزہ میں موجود پانچ اسرائیلی یرغمالی بھی مارے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی بمباری سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو وسطی غزہ کا علاقہ بھی خالی کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نصائرت کیمپ پر حملے سے 18 فلسطینی شہید، جبالیہ کیمپ میں مکان پربم حملے سے خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد شہید ہوگئے۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی حملوں سے 303 فلسطینی شہید جب کہ 3450 زخمی ہیں۔

یاد رہے کہ شہید فلسطینیوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جس میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جب کہ 53 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔

خبر رساں ادارے نے بتایا کہ غزہ میں حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان چھڑپوں میں حماس نے غزہ میں مزید 5 اسرائیلی فوجیوں کو مار دیا ہے۔

حماس کے حملوں میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 477 ہوگئی ہے جب کہ حماس نے درجنوں اسرائیلی فوجی گاڑیوں، ٹینکوں اور بلڈوزر کو بھی تباہ کیا۔ اسرائیل نے حماس کے اہم رہنما حسن الاطرش کو مارنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل اور لبنان میں کشیدگی کے بعد جنوبی لبنان میں اسرائیل فورسز اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی جاری ہے جب کہ اسرائیل نے حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں