Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مقبوضہ کشمیر؛ بھارتی فوج کی بربریت کے خلاف بھرپور احتجاج

بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کے خلاف بھرپور احتجاج جاری ہے۔

بھارتی فوج کی جانب سے بے گناہ کشمیریوں کو شہید کرنے کا غیر انسانی فعل جاری ہے جس کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں بھرپور احتجاج کیا جارہا ہے۔

آرٹیکل 370 کی تنسیخ سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے غیر منصفانہ فیصلے کے بعد کشمیری عوام کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

21 دسمبر کو حریت پسندوں نے سورنکوٹ میں بھارتی قابض فوج کے 5 جوانوں کو ہلاک اور 3 کو زخمی کیا جب کہ جوابی کارروائی میں بھارتی سیکورٹی فورسز نے پونچھ اور راجوری کی معصوم عوام پر ظلم وبربریت کا سلسلہ شروع کردیا۔

بھارتی سیکیورٹی فورسز نے تقریباً 80 سے زائد معصوم کشمیروں کو قید کرلیا اور تھرڈ ڈگری غیر انسانی ٹارچر کا نشانہ بنایا۔

21 دسمبر کو ہی جموں و کشمیر کے تین شہریوں کو بھارتی فوج نے غیر قانونی طور پر تفتیش کی آڑ میں اٹھالیا تھا اور 22 دسمبر کو زیر حراست تینوں کشمیری مردہ حالت میں پائے گئے۔

21 دسمبر کو ضلع پونچھ میں مشتبہ عسکریت پسندوں کے دو فوجی گاڑیوں پر حملہ کرنے کے بعد ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی تھی۔

جموں و کشمیر حکومت نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں ہلاکتوں کا اعتراف کیا ہے لیکن اموات کی وجوہات کی وضاحت نہیں کی ہے جب کہ بھارتی فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے بھی شہریوں کی ہلاکتوں کے پیچھے حالات کی وضاحت نہیں کی ہے۔

مرنے والے شہریوں کی شناخت 43 سالہ محفوظ حسین، 27 سالہ محمد شوکت اور 32 سالہ شبیر احمد کے طور پر کی گئی ہے۔ بھارتی پولیس کے عتاب کا نشانہ بننے والے شہری پونچھ کے ٹوپا پیر گاؤں کے رہائشی تھے۔

واضح رہے کہ راجوڑی سیکٹر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی اس بربریت کے خلاف کشمیری عوام کی جانب سے شدید مذمتی مظاہرے جاری ہیں جن میں انصاف کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں