غزہ میں مزید 3 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد زمینی کارروائی میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 162 ہوگئی۔
اسرائیل نے غزہ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تصدیق کردی ہے جب کہ زمینی کارروائی میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 162 ہوگئی۔
غزہ میں اسرائیلی فورسز کے ساتھ چھڑپیں اب بھی جاری ہیں اور فلسطینی مزاحمتی گروپوں نے غزہ میں متعدد اسرائیلی ٹینک اور بلڈوزر کو تباہ کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ سے واپس آنے والے فوجی صحت عامہ کے لیے خطرہ قرار
خان یونس میں القسام بریگیڈ نے اِسرائیلی فوجی گاڑیوں کی تباہی کی نئی ویڈیو جاری کردی ہے جب کہ گذشتہ پانچ روز میں 24 اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں۔
دوسری جانب غزہ کے رہائشی علاقوں پر صیہونی اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 200 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے بھیانک جنگی جرائم کی انتہا کرتے ہوئے لاشوں سے اعضا بھی چُرا لیے، 80 سے زائد مسخ شدہ لاشوں کی رفح میں اجتماعی تدفین کردی گئی۔
اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں سے پناہ گزین کیمپ، اسپتال، اسکول اور مذہبی عبادت گاہیں بھی محفوظ نہ رہیں جب کہ صیہونی افواج نے دیر البلاح کی مسجد کو بھی شہید کردیا۔
واضح رہے کہ غزہ میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 21 ہزار 110 سے تجاوز کرگئی ہے اور 55 ہزار 243 سے زائد افراد زخمی ہیں جب کہ زخمیوں اور شہداء میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔
