ٹورنٹو: کینیڈا میں قتل ہونے والے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قاتلوں کی گرفتاری جلد متوقع ہے۔
کینیڈین اخبار دی گلوب اینڈ میل کی ایک رپورٹ کے مطابق کینیڈین پولیس روراں برس جون میں قتل ہونے والے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قاتلوں کے قریب پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہردیپ سنگھ نجر کے وحشیانہ قتل میں ملوث دو افراد کی گرفتاری جلد متوقع ہے جب کہ یہ افراد اس وقت پولیس کی نگرانی میں ہیں اور توقع ہے کہ انہیں آئندہ چند ہفتوں میں گرفتار کرلیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق سکھ رہنما کے قتل میں ملوث دونوں افراد نے کینیڈا نہیں چھوڑا ہے اور کئی مہینوں سے وہ پولیس کی نگرانی میں ہیں جب کہ پولیس ان افراد کے بھارتی حکومت سے تعلق کے بارے میں جلد پردہ اٹھائے گی۔
واضح رہے کہ نامعلوم افراد نے 45 سالہ ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا کے شہر سرے میں ایک گوردوارے کی پارکنگ میں گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔




















