غزہ میں نئے سال کے آغاز پر بھی اسرائیلی مظالم میں کمی نہ آسکی۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ پر اسرائیلی حملوں میں دن بہ دن شدت بڑھتی جارہی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے جنگی طیاروں نے غزہ کے وسط میں واقع المغازی اور البریج کے علاقوں کو نشانہ بنایا جس میں ایک ہی گھر کے 10 افراد شہید ہوئے۔
اس کے علاوہ اسرائیلی فورسز نے رات گئے مشرقی غزہ کے ضلع زیتون میں شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔
اسرائیل فورسز نے رات گئے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے ۔فورسز نے نابلس شہر اور جنین کیمپ سمیت کئی علاقوں میں کارروائیاں کیں۔
دوسری جانب حماس نے اسرائیلی حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں پر راکٹ برسائے جس کے بعد ان علاقوں میں سائرن بجنے لگے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی اسرائیلی بمباری میں 21 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جس میں 8 ہزار سے زائد بچے اور 6 ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔
