غزہ میں صیہونی اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بمباری کے نتیجے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 180 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دیر البلاح میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے میں 15 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ اسرائیل کی جانب سے جبالیہ، نصیرات، المغازی کیمپوں پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بمباری کے نتیجے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 180 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
علاوہ ازیں اسرائیلی فورسز نے رات گئے مشرقی غزہ کے ضلع زیتون میں شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جن میں ہزاروں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں القسام بریگیڈ نے خان یونس میں اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنایا جب کہ خان یونس میں ایک گھر میں داخل ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
القسام بریگیڈ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دیکھا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں پر خان یونس میں اینٹی پرسنل میزائلوں سے حملے کیے گئے ہیں۔




















