ایرانی صدر نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے اس جرم کی قابل افسوس قیمت ادا کرے گا۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے ایران میں جنرل قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر ہونے والی ایک یادگاری تقریب میں حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے۔
گزشتہ روز کرمان میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین کے مقام کے قریب دو خوفناک دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 103 افراد جاں بحق اور 150 کے قریب زخمی ہوئے۔
ایرانی صدر نے ٹیلیویژن خطاب میں خبردار کیا کہ اسرائیل کو اس کی بہت زیادہ قیمت چکانا پڑے گی۔
ابراہیم رئیسی نے کہا میں اسرائیلی حکومت کو خبردار کرتا ہوں کہ اس میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ وہ اس جرم اور اپنے کیے گئے دیگر جرائم کی قابل افسوس قیمت ادا کرے گا۔ لیکن کب اور کہاں؟ صحیح وقت اور صحیح جگہ پر بدلہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی 2020 میں بغداد میں امریکی ڈرون حملے میں جاں بحق ہوئے تھے۔
