غزہ میں جاری اسرائیلی انسانیت سوز مظالم کو 3 ماہ ہوگئے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ تین ماہ سے جاری جنگ میں اب تک 22 ہزار 600 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
حماس کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والوں میں 9 ہزار 700 سے زائد بچے اور 6 ہزار 800 سے زائد خواتین شامل ہیں۔اس کے علاوہ 326 ڈاکٹرز ، طبی عملے کے اہلکار،سول ڈیفنس کے ارکان اور کئی صحافی بھی شامل ہیں۔
حماس میڈیا آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قابض اسرائیلی فوج نے 90 دنوں کے دوران 1876 حملے کیے جس میں تقریباً 65 ہزار ٹن بارود استعمال کیا گیا۔
اس کے علاوہ 122 مساجد کو مکمل شہید کیا گیا جبکہ 218 کو جزوی نقصان پہنچا۔ تین گرجا گھروں کو بھی اسرائیلی فوج نے تباہ کر دیا۔ 65 ہزار ہاؤسنگ یونٹ مکمل اور 2 لاکھ 90 ہزار گھر جزوی طور پر تباہ ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے 30اسپتالوں کومکمل غیرفعال کردیا۔غزہ میں 53 صحت مراکز مکمل تباہ ہوئے جبکہ 150 مراکز کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔
قابض فوج نے 121 ایمبولینسز تباہ کر دیں اور 200 آثار قدیمہ اور ثقافتی ورثے کے مقامات اسرائیلی حملے میں تباہ ہوئے۔
