سعودی عرب جانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔
سعودی عرب کے ایجوکیشنل ویزا پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر سامی الحیسونی نے العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت میں 70 ہزاربین الاقوامی طلبہ زیرتعلیم ہیں جو طویل المدتی تعلیمی ویزے پر آنے والے جز وقتی ملازمت کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایجوکیشنل ویزا انیشیٹو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے، جو افرادی صلاحیتوں کی افزائش پروگرام کا حصہ ہے، جس کے ذریعے سعودی جامعات کی درجہ بندی بہتر طور پر ہو گی اور تعلیمی میدان میں مسابقت بڑھے گی۔
ڈاکٹر سامی الحیسونی نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت طویل اور مختصر مدتی ویزوں کا اجراء کیا جائے گا، طویل مدتی ویزوں کا دورانیہ ایک سال کا ہوگا جس سے وہ طلبہ مستفید ہوں گے جو طویل اکیڈ مک ریسرچ اور تحقیقی وزٹس کے لیے سعودی عرب آئیں گے، جبکہ مختصر مدتی ویزا 6 ماہ کے لیے قابل تجدید ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹڈی ان سعودی عربیہ پورٹل پر مختلف تعلیمی پروگرامز اور جامعات کی تفصیلات موجود ہیں، جن کے ذریعے امیدوار اپنے لیے مطلوبہ پروگرام کا انتخاب باسانی کرسکتے ہیں۔
ایجوکیشنل ویزا پروگرام کے سربراہ نے کہا کہ وزارت خارجہ کی ویزا سروس اور” اسٹڈی ان سعودی عربیہ“ پورٹل کے درمیان شراکت داری نے تعلیمی ویزوں کا اجراء آسان کردیا ہے۔
