Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

متحدہ عرب امارات جانے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری

متحدہ عرب امارات جانے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔

متحدہ عرب امارات نے ورک بنڈل کے نام سے نیا پلیٹ فارم لانچ کیا ہے جس کے تحت ورک پرمٹ اور ریزیڈینسی ویزا کے عمل میں اب 30 دن کی بجائے 5دن لگیں گے۔

اس پلیٹ فارم کے ذریعے دبئی میں کام کرنے والے غیر ملکی شہری اور کمپنیاں دونوں فائدہ اٹھا سکیں گے، اس سے قبل ویزا کے حصول کے عمل میں 30دن تک لگ جاتے تھے، جبکہ 16دستاویزات بھی ضروری تھے۔

تاہم اب وقت کی بچت کو مدنظر رکھتے ہوئے 5 دن میں عمل کو مکمل کیا جائے گا، جبکہ دستاویزات بھی 16 کی بجائے صرف 5 درکار ہوں گی۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا ہے کہ ورک بنڈل پلیٹ فارم ملک میں رہائش اور کام کے طریقہ کار کو آسان اور مختصر کرے گا۔ ویزا مراکز کے مطلوبہ وزٹس کی تعداد سات سے کم کر کے صرف دو  کر دی گئی ہے جس سے درخواست گزار کے وقت اور محنت کی بچت ہو گی۔

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کہا ہے کہ ورک بنڈل پلیٹ فارم زیرو بیورکریسی کے ساتھ اشتراک کر رہا ہے تاکہ گورنمنٹ کے پروسیجرز کو آسان بنایا جا سکے اور فعال خدمات فراہم کر سکیں۔

پہلے مرحلے میں یہ پلیٹ فارم دبئی میں متعارف کرایا جائے گا، جس کا نام انوسٹمنٹ اِن دبئی رکھا گیا ہے، جسے بعد ازاں پورے ملک میں متعارف کرایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں