خوش رہیں اور خوشیاں بانٹیں ، دنیا بھر میں آج خوشی کا دن منایا جارہاہے۔
137 ممالک میں فن لینڈ کا خوش قوموں والے ممالک میں پہلا نمبر جبکہ پاکستان کو 108 ویں نمبر پر شمار کیا گیا ہے۔
عالمی یومِ خوشی کو منانے کا مقصد دنیا بھر میں روز مرہ کی مشکلات اور مسائل کو پس پشت میں ڈال کر خوشی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ۔
اکثر افراد کا کہنا ہےکہ خوشی صرف دولت سے نہیں بلکہ خاندان، دوستوں اور رشتے داروں کے ہونے سے بھی حاصل ہوتی ہے ۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں بڑوں کے علاوہ بچوں کی تفریح کے موقع بھی نہایت کم ہیں لیکن اس صورتحال کے باوجود بھی عوام کا خوش رہنا کسی معجزے سے کم نہیں۔
سال 2013 میں اقوام متحدہ نے دنیا بھر کے لوگوں کی زندگیوں میں خوشی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ہر سال 20 مارچ کو خوشی کا عالمی دن منانے کا اعلان کیا، اس وقت سے آج تک یہ دن جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے۔
اقوام متحدہ کا اس دن کی مناسبت سے کہنا ہےکہ کسی بھی ملک کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جانا چاہیے کہ اس کے لوگ کتنے خوش ہیں۔
ایک تحقیق کے مطابق خوش رہنے والے افراد طویل عمر پاتے ہیں۔ تاہم ،آج کل کے دور میں، جب ہرطرف مسائل کا انبار اور پریشانیاں موجود ہوں تو اس پیچیدہ صورتحال میں خوش رہنے کے مواقع ڈھونڈنا مشکل ہوجاتا ہے۔
