سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لئے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزراء کی کونسل نے حکومت کے حالیہ اقدامات کا جائزہ لیا۔
اقدامات میں دوست ممالک کے ساتھ متعدد شعبوں میں دوطرفہ اور کثیرالجہتی شراکت داری کو فروغ دینے اور علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کی کوششیں شامل ہیں۔
وزیر اطلاعات سلمان بن یوسف الدوسری نے کہا کہ اجلاس میں پاکستان کیساتھ توانائی، دہشت گردی کی روک تھام کیلئے دوطرفہ معاہدے کی منظوری دی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات سلمان بن یوسف الدوسری نے کہا کہ سعودی وزیر توانائی کو پاکستان سے توانائی معاہدے پر دستخط کرنے کی ذمہ داری بھی تفویض کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ولی عہد اور وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سعودی پبلک پراسیکیوشن، پاکستانی انٹیلی جنس کے درمیان دہشت گردی اور اس کی مالی معاونت سے نمٹنے کے لیے ایک معاہدے کی بھی منظوری دی گئی۔
یاد رہے کہ سرکاری دورے کے دوران ولی عہد شہزادہ سلمان اور چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل عاصم منیر نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔




















