ایران کی پارلیمنٹ نے صدر مسعود پزیشکیان کی نامزد کابینہ کے تمام افراد کی منظوری دے دی۔
ایران کے سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے ایک خاتون وزیر سمیت 19 رکنی کابینہ کی منظوری دے دی گئی ہے۔
پارلیمنٹ نے اجلاس کے پانچویں اور آخری روز اہلیت، صلاحیت اور سابقہ ریکارڈ چیک کرنے کے بعد صدر پزیشکیان کی نامزد کابینہ ارکان کی منظوری دی۔
پارلیمنٹ کے 288 ممبران نے ووٹ کے ذریعے چودہویں حکومت کی نامزد کابینہ کی منظوری دی۔
پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد سید عباس عرقچی وزیر خارجہ، بریگیڈیئر جنرل عزیز ناصر زادہ ڈیفنس اور سید اسماعیل خطیب انٹیلی جنس کے وزیر کا عہدہ سنبھالیں گے۔
امین حسین رحیمی وزیر انصاف، عبدالناصر ہمتی وزیر خزانہ اور اسکندر مومنی وزیر داخلہ ہوں گے۔
پارلیمنٹ سے منظور شدہ 19 رکنی کابینہ کے ارکان میں علی رضا کاظمی، ستار ہاشمی، محمد رضا ظفرقندی، احمد میداری، غلام رضا نوری قزلجح، خاتون رکن فرزانہ صادق، اور سید محمد اتباک کے نام شامل ہیں۔
سید سیمائی صراف، سید عباس صالحی، سید رضا صالحی امیری، محسن پاکنیجاد، عباس علی آبادی اور احمد دونیہ مالی کے نام بھی نئی کابینہ کے ارکان میں شامل ہیں۔




















