Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسرائیلی دھمکی؛ لبنان نے ایرانی طیارے کو لینڈنگ سے روک دیا

بیروت: اسرائیلی دھمکی کے بعد لبنان نے ایرانی طیارے کو لینڈنگ کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لبنان نے ایرانی طیارے کو اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے سے روکتے ہوئے لینڈنگ کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

لبنان کے قومی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے دھمکی ملی ہے کہ کسی بھی ایرانی طیارے کو لبنان میں اگر لینڈنگ کی اجازت دی گئی تو اسے تباہ کردیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے نے بتایا کہ بیروت ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور نے ایران کے کارگو طیارے کو اس حوالے سے اطلاع دی جس کے بعد طیارہ واپس تہران روانہ ہوگیا۔

روئٹرز کے مطابق لبنان کی وزارت ٹرانسپورٹ کے ذرائع نے بتایا کہ ایرانی طیارے کو لینڈنگ سے اس وقت روکا گیا جب اسرائیل کی جانب سے اسے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی۔

وزارت ٹرانسپورٹ کے ذرائع نے کہا کہ یہ واضح نہیں کہ طیارے میں کون موجود تھا لیکن ہمارے لیے لوگوں کی زندگیاں زیادہ ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے گذشتہ روز بیروت میں حزب اللہ کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا تھا جس میں اسرائیل فوج نے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ سمیت کئی اہم شخصیات کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version