اقوام متحدہ نے بے گھر لبنانیوں کی مدد کے لئے 400 ملین ڈالر کی درخواست کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ نے لبنان میں بڑھتے ہوئے تنازعے سے متاثرہ شہریوں کی ہنگامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 400 ملین ڈالر کی اپیل کی ہے۔
اقوام متحدہ نے ایک بیان میں کہا کہ لبنان کے نگران وزیر اعظم نجیب میقاتی اور اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے رابطہ کار عمران رضا نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازعے سے متاثرہ شہریوں کی مدد کے لیے 426 ملین ڈالر کی اپیل کی۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حملے کے بعد سیکڑوں لبنانی شہید اور زخمی ہوگئے جب کہ اسرائیل نے فضائی حملوں کے بعد بری فوج لبنان میں داخل ہونے کا دعویٰ کردیا ہے۔
تاہم حزب اللہ کی جانب سے ایک بیان میں اس دعویٰ کی تردید کردی گئی ہے، بیان میں حزب اللہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی دعویٰ میں کوئی صداقت نہیں۔
حزب اللہ کے میڈیا کوآرڈینیٹر محمد عفیف نے کہا کہ ابھی تک حزب اللہ کے مزاحمتی جنگجوؤں اور اسرائیل کی قابض فوج کے درمیان براہ راست زمینی جھڑپیں نہیں ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن قوتوں نے اگر لبنان میں داخل ہونے کی کوشش کی تو ہمارے جنگنجو ان کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔




















