Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غزہ میں انسانی امداد کی رسائی کیلئے امریکہ نے اسرائیل کو 30 دن کا الٹی میٹم دے دیا

امریکہ نے غزہ میں انسانی امداد کی رسائی  کے لیے 30 روز کا الٹی میٹم  دے دیا ہے۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو خط لکھ  کر آگاہ کیا گیا ہے کہ 30 روز کے اندر غزہ میں انسانی امداد کی رسائی میں اضافہ کیا جائے بصورت دیگر اسے امریکی فوجی امداد میں کٹوتی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو سخت وارننگ پر مبنی یہ خط ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل کی جانب سے شمالی غزہ میں ایک نئی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے اور اس کارروائی کے دوران بھی بڑی تعداد میں معصوم فلسطینی شہریوں کی شہادتیں ہوئی ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کو غزہ میں بدتر ہوتی ہوئی انسانی صورتحال پر تشویش ہے کیونکہ گزشتہ ماہ اسرائیل نے شمالی اور جنوبی غزہ میں 90 فیصد سے زائد انسانی امداد کی نقل و حرکت کو روک دیا تھا یا اسے محدود کردیا تھا۔

اسرائیلی حکام کی جانب سے خط پر ردعمل میں کہا گیا کہ امریکہ کی جانب سے موصول ہونے والے خط کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ہم اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور امریکی حکام سے اٹھائے گئے خدشات پر بات چیت کی جائے گی۔

دوسری جانب اقوام متحدہ نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے نئی کارروائی کے آغاز سے غزہ میں کوئی انسانی امداد نہیں پہنچی، وہاں موجود 4 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کیلئے کی اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ حماس کیخلاف جنگ میں اسرائیل کو اسلحے کا سب سے بڑے سپلائیر کا کردار ادا کرتا آ رہا ہے اور اسرائیل پچھلے سال اکتوبر سے شروع ہونے والی اس جنگ میں غزہ پر حملوں کیلئے امریکہ کے فراہم کردہ طیاروں، گائیڈڈ میزائلوں اور گولا بارود پر انحصار کرتا  رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version