کل جماعتی حریت کانفرنس نے سانحہ بجبہاڑہ کے شہداء کو یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سانحہ بجبہاڑہ اور بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کے دیگر سانحات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات پر زوردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و تشدد اور مصائب کا سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مجرموں کا احتساب نہیں کیا جاتا اور مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا۔
عبدالرشید منہاس نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر اپنے پیدائشی حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد جاری رکھیں۔
انہوں نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بی جے پی کی زیر قیادت مودی حکومت کی جابرانہ پالیسیوں کی بھی شدید مذمت کی۔
واضح رہے کہ 22 اکتوبر 1993 کو ضلع اسلام آباد کے علاقے بجبہاڑہ میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 50 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔




















