Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فرانس میں غیر قانونی تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب گئی، 2 افراد ہلاک

فرانس میں غیر قانونی تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے سے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانس سے سمندر کے راستے برطانیہ جانے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کی ایک اور کشتی ڈوب گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق انگلش چینل کو عبور کرنے والی کشتی پر 50 افراد سوار تھے جن میں سے 46 افراد کو بچا کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جب کہ 2 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

فرانسیسی میری ٹائم کے مطابق بدھ کی صبح لوگوں کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا جس میں ہیلی کاپٹر سمیت ریسکیو بوٹس نے حصہ لیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والے افراد کو جب ریسکیو والوں نے دوسری بوٹ پر منتقل کیا تو ان میں سے دو کی حالت خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں طبی امداد فراہم کی گئی لیکن اسپتال پہنچنے پر ان کی موت کی تصدیق ہوئی۔

حکام نے مزید کہا کہ اب بھی ممکنہ طور پر پانی میں موجود دیگر لوگوں کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے کہ انگلش چینل کو عبور کرنے کی کوشش میں رواں سال 55 افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ رواں ہفتے بھی ایک واقعے میں بچے کی موت ہوئی تھی۔

متعلقہ خبریں