ترکش ایئرو اسپیس اینڈ ڈیفنس کمپنی پر دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوئے ہیں۔
ترک وزارت داخلہ کے مطابق ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے مضافات میں واقع ایوی ایشن کمپنی توساس کے ہیڈ کوارٹر کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوئے ہیں۔
ترک وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے عمارت کے مرکزی دروازے پر دھماکا کیا اور پھر فائرنگ کردی۔
ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں میں ایک خاتون بھی شامل ہے، سیکیورٹی فورسز نے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ دیگر دہشت گردوں سے مقابلہ جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق مذکورہ کمپنی بیرکتار ڈرون بنانے کے لیے مشہور ہے اور ترکیہ کا پہلا لڑاکا طیارہ کان بھی اسی کمپنی کی پیداوار ہے جبکہ ابھی تک کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
صدر مملکت کی انقرہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے انقرہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دُکھ کی اس گھڑی میں ترک حکومت اور عوام کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بزدلانہ حملے میں جانیں گنوانے والوں کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جب کہ صدر مملکت نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
آصف زرداری نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے، پاکستان نے بھی دہشت گردی کے عفریت کا سامنا کیا، پاکستان ایسی وحشیانہ کارروائیوں کے درد اور تکلیف کو سمجھتا ہے، دہشت گرد امن اور انسانیت کے دشمن ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کی انقرہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت
وزیراعظم شہبازشریف نے انقرہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور ترکیہ کے عوام سے اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان ترک بہن اور بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، اس بزدلانہ فعل کی مذمت کرتا ہوں، جاں بحق افراد کے خاندانوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہوں۔




















