لبنان اور شمالی غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان اور شمالی غزہ میں 24 گھنٹے میں اسرائیلی فوج کے13 اہلکار ہلاک اور 60 سے زائد فوجی زخمی ہوگئے جن میں سے 12 کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ رواں ماہ جنگی کارروائیوں میں 66 اسرائیلی ہلاک ہوئے جن میں سے بیشتر فوجی تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی غزہ میں بمباری میں 58 فلسطینی شہید ہو گئے۔
اسرائیل نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں کمال عدوان اسپتال پر بھی حملہ کیا، جس سے اسپتال کے جنریٹراور آکسیجن پلانٹ تباہ ہو گئے۔ آکسیجن نہ ہونے سے آئی سی یو میں 2 بچے انتقال کر گئے۔
اس کے علاوہ شمالی غزہ کے جبالیہ کیمپ میں اسرائیلی فوج نے آپریشن کرتے ہوئے سیکڑوں فلسطینی گرفتار کرلیے۔ ادھر اسرائیلی فوج نے بیروت سمیت لبنان کے متعدد علاقوں میں بھی فضائی حملے کیے، جن میں 3 لبنانی صحافی شہید ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے غزہ و لبنان کے لیے 13 ویں امدادی کھیپ روانہ کردی گئی ہے۔
