روسی فیڈریشن کونسل میں فیڈرل اسمبلی کی چیئرپرسن ویلنٹینا ماٹوی یانکو نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرِ صدارت سینیٹ کا اجلاس شروع ہوا، اجلاس کے آغاز میں پاکستان اور روس کے قومی ترانے بجائے گئے۔
اجلاس سے رشین فیڈریشن کی اسمبلی کی اسپیکر ویلنٹینا ماٹوی یانکو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے ساتھ دورے پر آئے ہوئے پورے روسی وفد کی جانب سے شاندار مہمان نوازی پر مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پر تپاک استقبال اور سینیٹ میں خطاب کا موقع فراہم کرنے پر بھی آپ کی انتہائی مشکور ہوں، یہ میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے، مجھے ایک بار پھر آپ کے خوبصورت ملک کا دورہ کرنے پر خوشی ہے، آپ کا ملک یقیناً قدیم تاریخ و ثقافت، متنوع اور منفرد روایات کا امین ہے،
ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ روسی فیڈ ریشن کے وزیر اعظم جناب میخائل میشوسٹن کا حالیہ دورہ اور ہمارے وفد کا موجودہ دورہ، روس اور پاکستان کے مابین تعاون بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ویلنٹینا ماٹوی یانکو نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے، مشکل ترین وقت میں بھی ماسکو اور اسلام آباد نے روابط جاری رکھے، یہ امر باعث اطمینان ہے کہ بین الاقوامی ایجنڈے کے بیشتر معاملات کے بارے میں ہمارے نقطہ نظر میں مماثلت ہے۔
روسی فیڈریشن کونسل میں فیڈرل اسمبلی کی چیئرپرسن کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک افغان مسئلے کے حل اور وسطی ایشیا کی سلامتی کو یقینی بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ ہم عالمی سلامتی اور استحکام، خلا میں ہتھیاروں کے استعمال کی روک تھام میں کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حیاتیاتی ، کیمیائی اور زہریلے ہتھیاروں کی ممانعت، غیر قانونی پابندیوں کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی، کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں تعاون اور معاملات کو سیاسی انداز میں حل کرنے پر اتفاق برقرار رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ روس اور پاکستان نے بین الاقوامی تعلقات میں اقوام متحدہ کے مرکزی رابطہ کار کی حیثیت سے مضبوط کردار کو مسلسل فروغ دیا ہے، اس سلسلے میں ہم 2025ء 2026 ء کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے انتخاب کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
ویلنٹینا ماٹوی یانکو نے کہا کہ آپ کا ملک آٹھویں بار اقوام متحدہ کی غیر مستقل نشست پر منتخب ہوا ہے، اسلام آباد کی اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور روح کے ساتھ وابستگی کا ثبوت ہے، مجھے یقین ہے کہ ایک نسبتاً موثر سلامتی کونسل کی تشکیل اور عالمی امن وسلامتی کے حصول اور مختلف عالمی مسائل کے حل کے ضمن میں پاکستانی عوام اور قیادت کی فہم و فراست ممد و معاون ثابت ہوگی۔
روسی فیڈریشن کونسل میں فیڈرل اسمبلی کی چیئرپرسن کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی خطوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی فعال شرکت اس بات کا ثبوت ہے، ہمیں مختلف براعظموں، ترقیاتی ماڈلز، مذاہب، منفرد تہذیبوں اور ثقافتوں کی نمائندہ تنظیم ٹیم برکس کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرنے میں پاکستان کی دلچسپی کا مکمل ادراک ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تنظیم کثیر الجہتی تنظیم کا روپ دھار چکی ہے، جس کا ہر رکن مساوات، بہتر ہمسائیگی اور باہمی احترام کا حامی ہے، میں جانتی ہوں کہ سینیٹ آف پاکستان ان اقدار سے مکمل طور پر متفق ہے، بین الاقوامی سطح پر ان کو عملی جامعہ پہنانے کا خواہاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری یہ خواہش ہے کہ بین الپارلیمانی یونین اور ایشیائی پارلیمانی اسمبلی سمیت کثیر الملکی فورمز کی سطح پر روابط مزید پختہ اور گہرے ہوں۔
ویلنٹینا ماٹوی یانکو نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کے فارمیٹس کے ساتھ ساتھ اپنی پارلیمنٹس کے ایوان بالا کی خصوصی کمیٹیوں کے ذریعے تعاون کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔




















