نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نےکہا کہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر امداد کی صورتحال تشویشناک ہے۔
ویدانت پٹیل کے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی سے متعلق اسرائیل خلاف ورزی نہیں کررہا، جبکہ اسرائیل میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 8 عالمی امدادی تنظیموں نے غزہ کی صورتحال سے متعلق مشترکہ بیان میں کہاتھا کہ اسرائیل غزہ میں انسانی صورتحال کو بہتر بنانے میں ناکام رہا ہے، عالمی امدادی تنظیموں نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات سے شمالی غزہ میں صورتحال ڈرامائی طور پر خراب ہوئی ہے۔
ویدانت پٹیل نے کہا کہ غزہ کیلئے امداد میں اضافےکیلئے اسرائیل سے توقع رکھتے ہیں، غزہ میں امدادکی صورتحال کاجائزہ لیتے رہیں گے، جبکہ اسرائیل سے متعلق امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع نے اسرائیل کو غزہ میں انسانی صورتحال بہتر بنانے کا کہا تھا، جبکہ امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو غزہ میں صورتحال کی بہتری کیلئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔




















