امریکہ کے 39 ویں صدر اور نوبل امن انعام یافتہ جمی کارٹر 100 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق سابق امریکی صدر جمی کارٹر کا انتقال جارجیا میں اپنے گھر پر ہوا ۔
جمی کارٹر نے 1977 سے 1981 تک امریکہ کے 39 ویں صدر کے طور پر ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔انہیں امن کے لیے کوششوں پر نوبیل انعام سے بھی نوازا گیا تھا۔
جمی کارٹر، 1976 میں صدر منتخب ہوئے تھے۔صدارت کے بعد انہوں نے ایک غیر معمولی زندگی گزاری جس میں امن کا نوبل انعام جیتنا بھی شامل تھا۔
وہ 100 سال کے تھے اور اب تک کے سب سے عمر رسیدہ سابق امریکی صدر تھے۔انہوں نے مارچ 2019 میں جارج ایچ ڈبلیو بش کو پیچھے چھوڑ کر امریکہ کے طویل العمر سابق صدر کا اعزاز حاصل کیا اور وہ پہلے امریکی صدر تھے جنہوں نے 100 برس کی عمر پائی۔
یکم اکتوبر 1924 کو پیدا ہونے والے جمی کارٹر اپنے سیاسی کیریئر سے قبل مونگ پھلی کے کاشتکار اور نیوی کے لیفٹیننٹ تھے۔ نیوی نے 2005 میں ایٹمی طاقت سے چلنے والی ایک آبدوز کو کمیشن کیا جس کا نام یو ایس ایس جمی کارٹر رکھا گیا۔
وہ صدر بننے سے قبل جارجیا کے گورنر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔
جمی کارٹر نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے خلاف آپریشن پر 2014 میں اسرائیل کو ملامت بھی کیا تھا اور کہا تھا کہ حماس کے خلاف اسرائیلی آپریشن کا کوئی جواز نہیں ہے۔




















