امریکی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ امریکا کیلئے مزید مشکلات پیدا کرنے کی ہر کوشش کررہی ہے۔
کانگریس کی جانب سے کامیاب قرار دینے کے بعد امریکی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب میں بائیڈن انتظامیہ پر کڑی تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ امریکا کیلئے مزید مشکلات پیدا کرنے کی ہر کوشش کررہی ہے، بائیڈن انتظامیہ اصلاحات کو روکنے کی کوشش کررہی ہے، ڈیموکریٹس کی جانب سے مجھے شرمندہ کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہونگی۔
ان کا کہنا تھا کہ درپیش قانونی چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کرونگا، ڈیموکریٹس عدالتوں کے ذریعے میرے خلاف کام کررہی ہے، بائیڈن انتظامیہ نے آف شور ڈرلنگ پر پابندی کا منصوبہ بنایا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آف شور ڈرلنگ پر پابندی سے میرے دور میں تیل و گیس کی قلت ہوگی، بائیڈن انتظامیہ کے آف شور ڈرلنگ پر پابندی کو فوری ہٹادوں گا، بائیڈن جو پرامن اقتدار منتقلی کی بات کرتے ہیں یہ صرف باتیں ہیں۔
امریکی نومنتخب صدر کا کہنا تھا کہ بائیڈن کی جانب سے میرے لیے ابھی سے مشکلات کھڑی کی جارہی ہیں، خلیج میسکیکو کا نام تبدیل کرکے خلیج امریکا رکھنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میکسیکو دنیا کی خطرناک ترین جگہ بن گئی ہے وہاں امن لے کر آئیں گے، میکسیکو سرحد پر غیر قانونی امیگریشن کو روکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو معاشی استحکام کیلئے پاناما کینال اور گری لینڈ کی ضرورت ہے، پاناما کینال اور گرین لینڈ پر کنٹرول کیلئے فوج بھی استعمال کرسکتے ہیں، پاناما کینال اور گرین لینڈ کو حاصل کرنے کیلئے معاشی پابندیاں بھی لگاسکتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ کینیڈا اور میکسیکو پر سخت ٹیرف لاگو کریں گے، جوبائیڈن افغانستان، روس اور شام کے بحرانوں سے نمٹنے میں ناکام رہے، ہم اب ایسی دنیا میں جارہے ہیں جو جل رہی ہے۔




















