امریکی ریاست ٹیکساس کے جنوبی علاقوں میں سردی سے تین افراد جبکہ ٹریفک حادثات میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔
برف باری کے بعد چلنے والی سرد ہواؤں کے باعث درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا ہے اور شاہراؤں پر برف کی تہہ جم جانے کے باعث سینکڑوں حادثات رونما ہوئے ہیں
ریاستی اور شہری حکام نے شہریوں کو ٹریفک حادثات سے محفوظ رکھنے کیلئے گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی ہے۔
شاہراؤں پر سے برف ہٹانے کام شروع ہوچکا ہے لیکن جمی ہوئی برف پگھلنے میں ایک روز مزید درکار ہوگا۔
ہیوسٹن کا بیشتر حصہ ابھی بھی برف سے ڈھکا ہوا ہے اور ائیرپورٹ پر آپریشن بند ہونے کی وجہ سے پروازیں تاحال معطل ہیں۔
برفانی طوفان کی وجہ سے امریکہ بھر میں مجموعی طور پر دو ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
ریاست لوئزیانہ کے شہر نیو اورلینز میں بھی آٹھ انچ برف باری کے سبب فضائی آپریشن بند کردیا گیا ہے۔
ریاست فلوریڈا میں بھی خطرناک موسم سرما کی وجہ سے انٹر اسٹیٹ ہائی وے 10 بھی 65 میل تک بند کردی گئی ہے۔
ہیوسٹن میں دوسرے روز بدھ کو بھی سرد موسم اور شاہراؤں کی خطرناک صورتحال کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔




















