غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت 4 خواتین اسرائیلی فوجیوں سمیت 200 فلسطینی قیدیوں کو رہاکردیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت 4 خواتین اسرائیلی فوجیوں کو رہا کردیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کو غزہ کے فلسطین اسکوائر میں ریڈکراس حکام کے حوالے کیا گیا جب کہ اسرائیل نے بھی معاہدے کے تحت جیلوں میں قید 200 فلسطینیوں کو رہا کیا ہے۔
فلسطین اسکوائر پر ہجوم میں خواتین نے حماس جنگجوؤں پر پھول نچھاور کیے جب کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رمہ اللہ میں فلسطینیوں کا بھرپور استقبال کیا گیا۔
اسرائیلی جیلوں سے رہا 200 فلسطینیوں میں سے 121 عمرقید کی سزا کاٹ رہے تھے، رہا ہونے والے 79 فلسطینی قیدی ایسے ہیں جو طویل عرصے سے اسرائیلی جیلوں میں قید تھے۔
رہا ہونے والے فلسطینیوں میں سب سے بوڑھے قیدی کی عمر 69 سال ہے جب کہ اسرائیلی جیلوں سے رہا ہونے والوں میں سب سے کم عمر فلسطینی 15 سالہ ہے۔
خیال رہے کہ امریکہ، قطر اور مصر کی ثالثی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت دونوں جانب سے قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں اسرائیل نے 90 فلسطینیوں کو رہا کیا تھا جب کہ حماس نے 3 اسرائیلی خواتین کو رہا کیا تھا۔




















