جنوبی سوڈان کی ریاست یونٹی اسٹیٹ میں تیل کارکنوں کو لے جانے والا ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک ہو گئے۔
یونٹی اسٹیٹ کے وزیر اطلاعات گٹویچ بیپال نے بتایا کہ طیارہ بدھ کی صبح یونٹی آئل فیلڈ ہوائی اڈے پر اس وقت گر کر تباہ ہوا جب وہ دارالحکومت جوبا جا رہا تھا۔
بپل نے کہا کہ مسافر گریٹر پائنیئر آپریٹنگ کمپنی (جی پی او سی) کے تیل کارکن تھے جس میں چائنا نیشنل پیٹرولیم کارپوریشن اور سرکاری ملکیت والی نیل پیٹرولیم کارپوریشن شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں دو چینی اور ایک ہندوستانی شہری شامل ہے۔
وزیر اطلاعات گٹویچ بیپال نے حادثے کی وجہ بننے والے حالات کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں دیں۔
میڈیا رپورٹس میں ابتدائی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 18 بتائی گئی تھی لیکن بپل نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ دو زندہ بچ جانے والے افراد بعد میں ہلاک ہو گئے جبکہ ایک شخص زندہ بچ گیا۔
حالیہ برسوں میں جنگ زدہ جنوبی سوڈان میں متعدد فضائی حادثے ہو چکے ہیں۔ ستمبر 2018 میں دارالحکومت جوبا سے یرول شہر جانے والا ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
سنہ 2015 میں روسی ساختہ مال بردار طیارہ دارالحکومت جوبا کے ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
