Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت میں بحالی مرکز کے مضر صحت کھانے سے 4 معذور بچے ہلاک

نئی دہلی: بھارت میں بحالی مرکز کے مضر صحت کھانے سے 4 معذور بچے ہلاک اور درجن سے زائد بیمار ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش میں سرکاری بحالی مرکز کے بچوں کو مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھلایا گیا جس کے نتیجے میں 4 معذور بچے جان کی بازی ہار گئے جب کہ درجن سے زائد بیمار ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ بچے ایک سرکاری بحالی مرکز میں زیر علاج تھے، جہاں ذہنی معذور بچوں کی دیکھ بھال کی جاتی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مرکز میں موجود 20 سے زائد بچوں نے رات کا کھانا کھایا جس کے بعد کئی بچوں کی طبیعت بگڑنے لگی۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم 4 بچے جانبر نہ ہوسکے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے بچوں میں 2 لڑکے اور 2 لڑکیاں شامل ہیں جن کی عمریں 12 سے 17 سال کے درمیان تھیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے جب کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کھانے کے نمونے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زیر علاج 16 بچوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے جب کہ حکام معاملے کی مکمل چھان بین کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version