Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین نے ناممکن کو ممکن بنا دیا، امریکی بھاری ٹیرف کے باوجود ترقی کی رفتار میں اضافہ

بیجنگ: چین کی معیشت نے امریکی 145 فیصد بھاری ٹیرف کے باوجود رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں توقعات سے زیادہ ترقی کی۔

 تاہم ماہرین اقتصادیات خبردار کر رہے ہیں کہ امریکی ٹیرف کے اثرات آئندہ مہینوں میں چین کی اقتصادی رفتار کو شدید متاثر کر سکتے ہیں۔

بدھ کو جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، چین کا مجموعی قومی پیداوار (GDP) رواں سال جنوری سے مارچ کے درمیان 5.4 فیصد کی شرح سے بڑھی، جو کہ گزشتہ سہ ماہی کے برابر ہے مگر غیر ملکی خبر رساں ادارے کے ایک سروے میں ماہرین کی پیش گوئی کردہ 5.1 فیصد شرح سے بہتر رہی۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ اعداد و شمار حوصلہ افزا ہیں، لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی مصنوعات پر بھاری ٹیرف عائد کیے جانے سے آئندہ سہ ماہیوں میں ترقی کی رفتار میں واضح کمی کا خدشہ ہے۔

 اس کے جواب میں چین نے بھی امریکی درآمدات پر جوابی محصولات عائد کر دیے ہیں، جس سے دونوں اقتصادی قوتوں کے درمیان تجارتی کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

ماہر اقتصادیات شو تیانچین (ایکنامسٹ انٹیلیجنس یونٹ) کے مطابق، اگرچہ حکومت کی جانب سے دی گئی مالی امداد نے سرمایہ کاری اور صارفین کے اخراجات کو سہارا دیا ہے، لیکن امریکہ کی جانب سے عائد کردہ نئے ٹیرف کے دباؤ کے پیش نظر ایک فوری اور مؤثر پالیسی ردعمل کی ضرورت ہے۔

چین کی برآمدات حالیہ عرصے میں معیشت کا واحد مستحکم پہلو رہی ہیں۔ گزشتہ سال ایک کھرب ڈالر کے تجارتی منافع نے معیشت کو سہارا دیا، حالانکہ جائیداد کے شعبے میں مندی اور ملکی مانگ میں کمی نے مکمل بحالی میں رکاوٹ پیدا کی۔

چینی وزیر اعظم لی چیانگ نے اس ہفتے کہا کہ ملک کے برآمدکنندگان کو گہرے اور دیرپا بیرونی تغیرات کا سامنا ہے اور حکومت ملکی صارفین کی مانگ بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کرے گی۔

متعلقہ خبریں