Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹرمپ کا یوٹرن: چین پرعائد ٹیرف میں جلد نمایاں کمی کا عندیہ دے دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے متعلق ٹیرف پالیسی پر یوٹرن لیتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ چین کے ساتھ تجارتی معاہدہ بہت جلد ممکن ہو سکتا ہے، اور اس کے تحت چین پر عائد 145 فیصد درآمدی ٹیرف کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہاکہ ہم چین کے ساتھ ایک بہت اچھی ڈیل کرنے جا رہے ہیں۔ چین کو معاہدہ کرنا ہی پڑے گا، اور اگر اس نے ایسا نہ کیا تو ہم اپنی شرائط پر ڈیل طے کریں گے۔

تاہم، صدر ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ متوقع ٹیرف میں کتنی کمی کی جائے گی۔

وزیر خزانہ کا بیان

صدر ٹرمپ کے بیان سے قبل، امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایک نجی تقریب میں کہا تھا کہ چین کے ساتھ جاری ٹیرف تنازعہ زیادہ دیر نہیں چل سکتا، اور ہمیں امید ہے کہ دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان کشیدگی جلد کم ہو جائے گی۔

تاہم، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اب تک امریکہ اور چین کے درمیان باضابطہ مذاکرات کا آغاز نہیں ہوا ہے۔

تجارتی پس منظر

یاد رہے کہ امریکہ نے چینی مصنوعات پر 145 فیصد تک کے ٹیرف عائد کر رکھے ہیں، جبکہ چین نے جوابی اقدام کے طور پر امریکی مصنوعات پر 125 فیصد ٹیرف نافذ کیے ہیں۔

یہ صورتحال دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے اور عالمی معیشت پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں