Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت نے اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کے مکانات مسمار کرنا شروع کر دیے

بھارتی حکومت نے اسرائیل کی روش پر عمل کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادی پسند کشمیریوں کے مکانات کو گرانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، بھارتی فوج نے گزشتہ چند روز کے دوران کم از کم 11 مکانات کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کر دیا ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز، اسرائیلی افواج کی حکمت عملی کی نقل کرتے ہوئے کشمیری عوام کو بے گھر کرنے اور بھارتی قبضے کے خلاف ان کی مزاحمت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

گھروں کو دھماکوں سے تباہ کرنے کے باعث قریبی عمارتیں اور مکانات بھی متاثر ہو رہے ہیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم جاری

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی بھارتی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکومت عام کشمیریوں کے گھروں کو دہشت گردوں کے مکانات کے ساتھ دھماکوں سے اڑا رہی ہے۔

محبوبہ مفتی نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت دہشت گردوں اور بے گناہ عام شہریوں کے درمیان واضح فرق کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خود کو ان بے گناہ افراد سے دور نہ کرے جو دہشت گردی کے خلاف ہیں۔

انہوں نے مزید نشاندہی کی کہ ہزاروں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور اب عام کشمیریوں کے گھروں کو نشانہ بنا کر انہیں مزید مشکلات میں ڈالا جا رہا ہے۔

محبوبہ مفتی نے حکام پر زور دیا کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ بے گناہ شہریوں کو غیر ضروری طور پر سزا نہ دی جائے۔

متعلقہ خبریں