نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتِ حال، دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں، اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون سمیت متعدد موضوعات پر تفصیلی بات چیت کی۔
نائب وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، اور حقِ دفاع کے لیے چین کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے چین کے کلیدی قومی مفادات پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے عوام کی خواہشات کے مطابق “ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری” کو مزید گہرا کرنے کا اعادہ کیا۔
نائب وزیر اعظم نے دوران ملاقات کشمیر کے تنازع کے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کو خطے میں دیرپا امن کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
اس موقع پر چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ چین پاکستان کو فولادی دوست اور ہمہ موسمی تزویراتی شراکت دار سمجھتا ہے، چین پاکستان کے ساتھ مل کر علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے فروغ کے لیے کام کرتا رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: چینی سفیر کی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات
چینی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ چین برادر آہن کے طور پر ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور ترقی کے سفر کی حمایت کرتا رہے گا، جبکہ دونوں فریقین نے پاکستان اور چین کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، آئی سی ٹی، زراعت، صنعتی ترقی اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے سی پیک کو علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت کا حامل قرار دیتے ہوئے سی پیک کے دوسرے مرحلے کی مستحکم پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر دونوں فریقین نے سی پیک منصوبوں میں تیسرے فریق کی شراکت داری کے نئے مواقع کو “ون-ون تعاون” کے طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کو فروغ دینے کے لیے تمام سطحوں پر، بشمول کثیرالجہتی فورمز، قریبی رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھیں گے۔




















